سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ٹانک میں دہشتگردوں نے پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور راستے میں ہی دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی دو گھروں کو نقصان پہنچا اور بعض دیواریں منہدم ہوگئیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سوراب میں بھی کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا اور اس سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں صوبوں میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
صدر مملکت نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی مہارت اور بہادری قابل فخر ہے اور دہشتگردی کے خلاف ان کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔






