آئی ایم ایف مشن کی وزیر خزانہ سے ملاقات کا احوال سامنے آ گیا

اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی جائزے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

 

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے آئی ایم ایف جائزہ مشن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، وزیر خزانہ نے مشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

آئی ایم ایف مشن کی سربراہی آئیوا پیٹرووا کر رہی ہیں جو چوتھے ای ایف ایف جائزے کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود ہیں، مذاکرات کے دوران پروگرام پر ہونے والی پیش رفت اور معاشی اصلاحات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ پروگرام کے تحت مقررہ اہداف پر پاکستان کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

 

مذاکرات میں معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تیسرے جائزے پر بھی بات چیت ہوگی، واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے ای ایف ایف جائزے کے مذاکرات اسلام آباد میں جاری رہیں گے۔