پولیس پر تشدد کا کیس؛ ایمان مزاری اور شوہر پر فرد جرم سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آ گئی

*ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر*

 

ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف پولیس پر تشدد کے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

 

انسداد دہشت گردی عدالت میں پروٹوکول توڑنے اور پولیس پر تشدد کے کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا اور ان کے وکلا کو چالان کی نقول فراہم کردی گئیں۔

 

عدالت نے 6 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ دونوں کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔

 

دوسری جانب تھانہ کوہسار میں درج احتجاج کے کیس میں جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے دونوں کی ضمانت درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 اکتوبر کو دلائل طلب کرلیے ہیں۔