بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیہہ لوٹی میں دہشت گردوں نے چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی کے گھر پر حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق بگٹی امن فورس اور دہشت گردوں کے درمیان طویل فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے دوران بگٹی امن فورس کا ایک جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔
دُکی میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، 18 مزدور اغوا، اہلکار شہید
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع دُکی میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
حملے کے بعد دہشت گرد کیمپ میں مقیم 18 مزدوروں کو اغوا کرکے لے گئے، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں آپریشن شروع کردیا۔






