پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے ماضی کے احتجاجی مظاہروں اور واقعات پر مشتمل ویڈیو جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کے مجوزہ احتجاج پر تنقید کی ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے عہدے کے وقار کو مسلسل مجروح کر رہے ہیں۔ انہوں نے 2014 کے دھرنے، ڈی چوک میں قبریں کھودنے اور پی ٹی وی و ریڈیو پاکستان پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہی عناصر ایک بار پھر ریاستی اداروں سے تصادم کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کیے گئے، ایمبولینسوں کو جلایا گیا اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے۔ ان کے بقول کسی بھی مہذب ملک میں ریاستی اداروں پر جتھوں کی صورت میں حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی پر غیر ملکی فنڈنگ اور انتشار پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سے عوام کے کاروبار، مزدوروں کے روزگار اور نوجوانوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا، “27 ستمبر کو 2014 کا دھرنا اور 9 مئی کے واقعات دہرانے نہیں دیں گے۔‘‘






