ہوٹلوں اور میرج ہالز پر رات کو کھانا اور کچرا کھلے عام ڈمپ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
کراچی ایئرپورٹ کے اطراف طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایئرپورٹ کے 4 کلومیٹر کے فنل زون میں پرندوں کو متوجہ کرنے والے مقامات کا جائزہ لیا گیا اور اس زون میں واقع 25 سے 30 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کی فہرست دیکھی گئی۔
فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹل اور میرج ہال مالکان صفائی کا بہتر نظام قائم کرنے اور سینیٹوریل اسٹاف مقرر کرنے کے پابند ہوں گے۔
رات کو کھانا اور کچرا کھلے عام ڈمپ کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور کچرے کو پولی تھین بیگز میں پیک کر کے مخصوص پوائنٹس تک منتقل کیا جائے گا۔ رات اور صبح کے اوقات میں چیلوں اور دیگر پرندوں کی آمد روکنے کے اقدامات پر بھی غور ہوا۔
کمشنر نے ملیر اور کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز کو پرندوں سے تصادم کے خطرات کم کرنے سے متعلق جامع رپورٹ 3 ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر ملیر و کورنگی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران شریک تھے۔






