لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔
عالمی یوم امن کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قیام امن کے لیے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کے افسران اور اہلکاروں کے جذبے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے صوبے بھر میں امن و امان کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی سراہا۔
مریم نواز شریف نے امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کیا۔
عالمی یوم امن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ عالمی یوم امن ہمیں برداشت اور رواداری پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے۔ امن ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے، امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں اور خوشیاں ہر سو پھیلتی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ امن صرف جنگ کے ختم ہونے کا نام نہیں، یہ انصاف، محبت اور احترام کے ساتھ جینے کا دوسرا نام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو، ہر دم امن اور خوشحالی ہو۔






