سکھر: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت لیوی ختم کرنے کے لیے تیار نہیں، حکومت لیوی کا بھتہ ختم کرے اور عوام کو ریلیف دے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دیا گیا ریلیف ناکافی ہے، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا سے زیادہ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ لیوی کے مسئلے پر حکومت سے دو بار مذاکرات ہو چکے ہیں۔ ہم نے انہیں بتایا ہے کہ لیوی کم کرکے ٹیکس کیسے بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران 11 ارب روپے کا جہاز خریدا گیا، یہ لوگ پاکستانی عوام کے حق پر ڈاکا ڈالتے ہیں، جبکہ دھرنوں میں عوام کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگوں کو پتا چل گیا ہے کہ ان کا حق کیسے مارا جا رہا ہے۔ کسی بھی پارٹی کی حکومت ہو، سب میں ایک طرح کے لوگ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹرین مارچ ملتان سے روڈ کارواں میں تبدیل ہو کر اسلام آباد پہنچے گا۔ پاکستان میں حکمران طبقہ ایک دوسرے کے مفادات کے لیے کام کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پُرامن طریقے سے اسلام آباد جا رہے ہیں، عوام کا مسئلہ حل کر دیں تو ہمیں مارچ کا شوق نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اگر پیٹرول بند ہو گا تو 5 ہزار روپے فی لیٹر بھی ہو سکتا ہے، عوام کو ڈرانے کی ضرورت نہیں۔ وزراء اس طرح کے بیانات دے کر عوام کو ڈرانے سے گریز کریں۔






