کراچی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کل کی ریلی کرپٹ ترین حکومت کے خلاف علمِ بغاوت ہوگی۔
شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، سندھ کے عوام بنیادی سہولتوں اور حقوق سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کی نئی نسل کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، سندھ میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے گئے ہیں۔ سندھ کے عوام حکمرانوں کے بھاشن اور اشتعال انگیزی کو قبول نہیں کریں گے اور وہ انہیں پہچان چکے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کل کی ریلی کرپٹ ترین حکومت کے خلاف علمِ بغاوت ہوگی اور یہ ریلی تاریخی ثابت ہوگی، جبکہ کل سے تحریک کا آغاز ہورہا ہے۔ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، سندھ کے عوام میں آپس میں فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں کے گھروں کے تہہ خانوں سے اربوں ڈالر برآمد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تم نے بے نظیر کے خون کا سودا کیا، ان شاء اللہ تمہارے مقدمات کھلنے جارہے ہیں، اب سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص اور کراچی کے عوام تمہارا احتساب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمہارا احتساب کریں گے اور کسی کو بھی نکلنے نہیں دیں گے۔ سندھ میں چھ انتظامی یونٹس بننے جارہے ہیں اور ان کا اختیار سندھ کے بیٹوں اور بیٹیوں کو دیا جائے گا۔
رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ سے پانچ ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوگی، لاڑکانہ، سکھر، نواب شاہ اور کراچی سمیت انتظامی یونٹس کا اختیار کسی کو نہیں دیں گے۔





