فیول ریلیف اسکیم: عوام کیلیے بڑی خوشخبری، حکومت نے اہم شرط ختم کر دی

وفاقی حکومت نے فیول ریلیف اسکیم میں عوام کے لیے ایک اور بڑی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم پر عوامی ردعمل کے بعد قومی اسٹیئرنگ کمیٹی فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا، جس میں موٹرسائیکل، گاڑیوں اور رکشوں کے لیے ایک ہی بار میں کم از کم 5 لیٹر ایندھن خریدنے کی شرط ختم کردی گئی۔ مستحق افراد کو ہفتہ وار 500 روپے کا ٹوکن ملے گا، جس کے ذریعے کسی بھی مقدار میں ایندھن خریدا جاسکے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موٹرسائیکل اور 3 پہیوں والی گاڑیوں یعنی رکشوں کے لیے اہلیت کی عمر 15 سال سے بڑھا کر 20 سال کردی گئی ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے موجودہ طریقہ کار برقرار رہے گا اور 10 روز بعد 10 لیٹر کا ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 3 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔ 500 روپے کے ٹوکن کی مکمل رقم صارف کو ریلیف کی صورت میں منتقل کی جائے گی، جبکہ پیٹرول پمپس کوئی کٹوتی یا سروس چارج نہیں لے سکیں گے۔

قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور پیٹرول پمپس کو ادائیگیوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اسٹیٹ بینک کو ادائیگیوں کی صورتحال سے متعلق رپورٹس روزانہ صبح 11 بجے اور شام 7 بجے فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

کمیٹی نے مسترد ہونے والی ہر ادائیگی کی مخصوص وجہ کی نشاندہی کرنے اور بلا تاخیر مسئلے کے حل کی ہدایت کی۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور دور دراز دیہی علاقوں میں کم یا بغیر انٹرنیٹ والے پیٹرول پمپس کے لیے متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے کسی اہل مستحق کو ریلیف اسکیم کی سہولت سے محروم نہ کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا مقصد مستحق اور کم آمدن والے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔