اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی اور ڈاکٹر امجد علی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت کے حکم کے مطابق پاسپورٹ بلاک کرنے والے ارکان میں ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان اور بابر سلیم سواتی بھی شامل ہیں۔
عدالت نے عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں، جبکہ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی عمل سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔ ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملے اور دہشت گردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات ہیں اور وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے۔
عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے ملزمان بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ اگلے احکامات تک ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کردیے جائیں۔
پولیس نے تھانہ کوہسار کے مقدمے میں ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔






