کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہیں، جبکہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ 4 روز میں ڈیزل 20 روپے اور پٹرول 24 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا، جبکہ 20 اگست سے 7 ستمبر تک ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں 23 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، جسے فوری واپس لیا جائے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کے مطابق وزیر پٹرولیم نے روزانہ قیمتیں تبدیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس کے بعد حکومتی یقین دہانیوں پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی گئی تھی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی 40 روز کی مہلت اگلے ہفتے ختم ہو رہی ہے، اگر معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے تو ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز میں ریلیف دیا جائے۔






