سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عطاء الرحمن کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے اور متحدہ اپوزیشن کے طور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایوان میں اپوزیشن متفقہ حکمت عملی اختیار کرے گی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مل کر اپوزیشن کا کردار ادا کرنے اور متحدہ اپوزیشن کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن سینیٹ میں مؤثر اور طاقتور کردار ادا کرے گی۔
جے یو آئی (ف) کے پارلیمانی لیڈر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں تمام امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی تھی اور پارلیمنٹ کی حد تک ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن متحد نظر آئے گی۔
مولانا عطاء الرحمن نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلا کر مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اپوزیشن حکومت کو مؤثر انداز میں ٹف ٹائم نہیں دے سکی، تاہم اب کوشش ہوگی کہ اپوزیشن کی حیثیت سے حکومت کو ہر اہم معاملے پر جواب دیا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ متحدہ اپوزیشن کے طور پر حکومت کو غیر آئینی ترامیم سے روکنے میں کامیاب ہوں گے۔






