صدر مملکت اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت ، اہم پیغامات جاری

یوم فضائیہ پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج عقیدت اور افسران و جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر آصف زرداری نے پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری دکھائی اور معرکۂ حق میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ یہ کارکردگی پاک فضائیہ کی جرات مند قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی۔ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیاں قابل فخر ہیں۔ 1965 میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ پاک فضائیہ کے شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں بھی پاک فضائیہ نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ جرات مندانہ قیادت اور غیرمعمولی جنگی مہارت پاک فضائیہ کی کامیابی کا مظہر ہے۔