پی ٹی آئی حکومت ختم ہونے سے 10 دن قبل کس کی کال آئی؟ علی امین گنڈاپور کا اہم انکشاف

سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ختم ہونے سے 10 روز قبل سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی کال آئی تھی اور ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان بات نہیں مان رہے، آپ انہیں منائیں۔ علی امین گنڈاپور کے مطابق اسپیکر کے گھر کے سامنے واقع ایک چھوٹے پارک میں ہونے والی ملاقات میں پرویز خٹک نے بتایا کہ باجوہ صاحب کا کہنا ہے کہ ایکسٹینشن دے دیں، ان کو این آر او دے دیں، اس کے بعد سب ٹھیک ہوجائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ختم ہونے کے بعد اسی شام مولانا صاحب اور باجوہ صاحب کی ملاقات ہوئی تھی، جبکہ نومبر 2020 میں بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے پر کام شروع ہوگیا تھا اور اس بارے میں کچھ لوگ جانتے تھے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بیرون ملک سے چلایا جا رہا ہے اور اسے چلانے والے اپنی مرضی سے مواد پوسٹ کرتے ہیں، تاہم انہیں پاکستان سے بھی ہدایات دی جاتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے کہا تھا کہ حق پر آجائیں اور مخصوص نشستیں چھوڑ دیں، ان کے ساتھ پہلے ہی سیز فائر ہے اور اگر مولانا اس تحریک میں پی ٹی آئی کے ساتھ آنے کے لیے تیار ہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔