لاہور (آن لائن) گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید علی عمران نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور الیکٹرانک گیمز نے بچوں کو جسمانی کھیلوں سے دور کر دیا ہے، جس کے ان کی صحت اور شخصیت پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی عمران نے کہا کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے اور ویڈیو گیمز کے استعمال سے بچوں میں موٹاپا، نظر اور جسمانی پٹھوں کی کمزوری، سستی، چڑچڑاپن اور ذہنی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کا اسکرین ٹائم کم کروا کر انہیں مارشل آرٹس اور دیگر جسمانی کھیلوں کی جانب راغب کریں۔
انہوں نے تائیکوانڈو کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل بچوں کو سیلف ڈیفنس سکھانے کے ساتھ ساتھ ان میں ہمت، حوصلہ، برداشت اور خود اعتمادی پیدا کرتا ہے۔
سید علی عمران نے بتایا کہ گلوبل ٹریڈیشنل تائیکوانڈو فیڈریشن پاکستان ملک بھر میں گراس روٹ لیول پر اس روایتی کورین کھیل کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے تاکہ بچوں کو معاشرے کا چاق و چوبند اور پرعزم شہری بنایا جا سکے۔






