ٹیکس کی وصولی کے لیے نئی فورس قائم

لاہور (آن لائن) پنجاب بھر میں صفائی ٹیکس اور چارجز کی وصولی مؤثر بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تحت نئی فورس قائم کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔

دستاویزات کے مطابق اس مقصد کے لیے محکمہ ایکسائز میں 305 نئی آسامیاں پیدا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ فورس میں گریڈ 5 کے 300 ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کانسٹیبلز بھرتی کرنے کی تجویز ہے، جو صوبے بھر میں تقریباً 47 لاکھ جائیدادوں سے صفائی چارجز کی وصولی یقینی بنائیں گے۔

ہر ضلع میں وصولی کے لیے 7 سے 8 کانسٹیبلز تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نئی فورس صفائی چارجز کے بلوں کی تقسیم، نادہندگان سے فالو اپ اور واجبات کی ریکوری کی ذمہ داری بھی انجام دے گی۔

دستاویزات کے مطابق فورس کی نگرانی کے لیے ایک ڈائریکٹر اور 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ فورس خصوصی طور پر ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ماتحت کام کرے گی۔

فیلڈ میں صفائی چارجز کی وصولی کے لیے فورس کو 300 الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ نگرانی اور انفورسمنٹ کے لیے ایک 1300 سی سی کار اور 4 کلٹس گاڑیاں خریدنے کی سفارش کی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق 300 الیکٹرک موٹر سائیکلوں اور 5 گاڑیوں کی خریداری کے لیے 11 کروڑ 30 لاکھ روپے مانگے گئے ہیں، جبکہ نئی آسامیوں اور گاڑیوں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔