فیصل آباد (آئی این پی) فیسکو ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، فیسکو بورڈ نے وفاقی حکومت کے نئے پے اسکیلز اور مختلف الاؤنسز کمپنی میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔
فیسکو ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں یکم جولائی 2026 سے نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 اور کنوینس الاؤنس کی شرح میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق BPS-01 سے BPS-22 تک کے فیسکو ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں نظرثانی کی جائے گی، جبکہ معذور ملازمین کے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کے نئے پے اسکیلز اور الاؤنسز فیسکو میں یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوں گے۔ فیسکو بورڈ نے 22 اگست 2026 کے اجلاس میں ملازمین سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی۔
دوسری جانب ملازمین کی پنشن میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ فیسکو انتظامیہ نے وزارت خزانہ کے پانچ اہم مراسلوں کو کمپنی میں نافذ کرنے کی منظوری بھی دے دی۔






