میر رضا نے آخری 12 گھنٹے کہاں گزارے، کن افراد سے رابطے کیے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا نے آخری 12 گھنٹے کہاں گزارے اور کن افراد سے رابطے کیے اس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

 

میر رضا کیس کی تحقیقاتی کمیٹی نے آخری 12 گھنٹوں کی ٹائم لائن مرتب کر لی ہے جس کی تفصیلات منظرعام پر آ گئی ہیں۔

 

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق میر رضا آخری 12 گھنٹے سرمایہ کاری اور قرض کے حصول کی کوش کرتے رہے۔ 27 جولائی شام 5 بج کر 54 منٹ پر شارع فیصل پر مقتول نے احمد راجہ نامی شخص سے ملاقات کی جس میں 70 سے 80 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔ رات 7 بج کر 5 منٹ پر بینک کی کال پر بہن کے نام ایک کروڑ روپے قرض منظور ہونے کی اطلاع دی گئی۔ اس سے قبل بینک ایک لون کی درخواست مسترد کر چکا تھا۔

 

رات 8 بج کر 23 منٹ پر فاروق محمود نے فون کر کے سرمایہ کاری سے معذرت کر لی۔ رات 11 بج کر 50 منٹ پر میر رضا نے دوست عبدالرزاق کے ساتھ غفار کباب ہاؤس پر کھانا کھایا۔

 

رات 12 بجے میر رضا نے صارم سید سے ہنگامی بنیادوں پر 3 کروڑ روپے قرض مانگا اور اگلی صبح کو انتہائی مشکل قرار دیا۔ ان کی گھڑی میں مالی آزادی اور قرض کی ادائیگی سے متعلق دعا بھی موجود ہے۔