پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، لیکن بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شرمیلا فاروقی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر حکومت کے طرز عمل پر تنقید کی۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات میں کشمکش کی صورتِ حال ہے، جبکہ دوسری جانب آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ ایسے حالات میں سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرکے میڈیکل بورڈ تشکیل دے سکتی تھی۔ حکومت کو یہ بات پسند ہو یا نہ ہو، لیکن بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت بجلی، پیٹرول اور غربت جیسے اہم مسائل پر بات نہیں ہو رہی بلکہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا معاملہ زیر بحث ہے۔
شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ حکومت کو کس چیز کی پریشانی یا خوف ہے، یہ حکومت خود ہی بتا سکتی ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے وزیراعظم کو ’’فلور آف دی ہاؤس‘‘ مخاطب کرنے کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے بھی متنازع بنا دیا گیا۔






