مولانا فضل الرحمان کی اپوزیشن کے ساتھ بڑی بیٹھک، حکومت کے خلاف بڑا فیصلہ

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پارلیمنٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر، جنید اکبر، عامر ڈوگر، شاہد خٹک، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا عبد الواسع اور سینیٹر دلاور خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، امن و امان اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرکا نے پارلیمنٹ میں مشترکہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی رٹ چیلنج ہے اور ملک میں امن و امان کی صورتِ حال سنگین ہے۔ عوام کو غلط بیانیہ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کریں گی، جس کے بعد آئندہ اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔