بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق وزیراعظم کیjجانب سے اہم ہدایات جاری

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو آئندہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے متاثرین کی مالی معاونت سمیت امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے اور مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی بھی مالی مدد کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزرا کو ہدایت کی کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، بحالی کے کاموں کا جائزہ لیں اور انہیں تیز کرائیں۔

وزیراعظم نے رسائی سے محروم علاقوں میں اشیائے خورونوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو آئندہ بارشوں کے پیش نظر مکمل طور پر الرٹ رہنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں و این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے جبکہ مزید امدادی سامان کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور امدادی و بحالی کی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔