انا للہ و انا الیہ راجعون ، پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی انتقال کر گئیں

پاکستان پیپلز پارٹی کی بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کر گئیں۔

مرحومہ نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد از مغرب امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، جاتی عمرہ روڈ میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین اے ڈبلیو ٹی فیز 2، جاتی عمرہ بی بلاک قبرستان میں ہوگی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بیگم نفیسہ خالد کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی سابق رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے اسپیشل سیکرٹری سید شمعون ہاشمی کی نانی بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔