مسافروں کیلئے اہم خبر ، ٹرین سروس معطل

ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کے کام کی وجہ سے کوئٹہ سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے ٹرینوں کی آمد و رفت دو دن تک بند رہے گی، جس سے کئی مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق آج جمعہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس روانہ نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ 14 اور 15 اگست کو ٹرینوں کا آپریشن مکمل طور پر معطل رہے گا۔

دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو عارضی طور پر جیکب آباد تک ہی چلایا جائے گا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو سفر کی حفاظت اور بلا تعطل روانی کے لیے عارضی طور پر روکا گیا ہے تاکہ ٹریک کی ضروری مرمت مکمل کی جا سکے۔

حکام کے مطابق مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے متبادل انتظامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ مرمتی کام ختم ہوتے ہی ٹرین سروس کو دوبارہ معمول کے مطابق چلا دیا جائے گا۔