صفائی کے نظام میں غفلت برتنے والے افسران اور ورکرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عوامی شکایات اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کی بنیاد پر ناقص کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے صفائی کے حوالے سے عوامی فیڈ بیک جاننے کے لیے خود فیلڈ میں متحرک ہوتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی آفس میں آپریشن ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس طلب کیا۔
اجلاس میں داتا گنج بخش ٹاؤن کے اوپن پلاٹس میں کوڑے کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے زون 28 اور 29 کے ٹاؤن منیجر، زونل افسر اور سپروائزر کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔
سمن آباد ٹاؤن میں مینوئل سویپنگ اور کوڑے کی تاخیر سے کلیئرنس پر بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ زون 33 اور 34 کے ٹاؤن منیجر، زونل افسر اور سپروائزر کو فوری معطل کرکے انکوائری شروع کردی گئی۔
بادامی باغ، علامہ اقبال ٹاؤن اور سمن آباد کے تین ٹاؤن منیجرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی آخری وارننگ جاری کردی گئی، جبکہ شہر کے تمام ٹاؤن منیجرز اور زونل افسران کو کارکردگی میں بہتری کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے ہدایت کی کہ علاقوں کو زیرو ویسٹ نہ کرنے والے افسران اور ورکرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہ کر ورکرز کی 100 فیصد حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
شہریار عارف خان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، جبکہ ادارے میں موجود کام چور عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔






