ایف بی آر کا ودہولڈنگ انکم ٹیکس ریٹ کارڈ جاری، شرح کی فہرست سامنے آگئی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال 2026-27 کے لیے مختلف شعبوں، ادائیگیوں اور لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحوں پر مشتمل ودہولڈنگ انکم ٹیکس ریٹ کارڈ جاری کر دیا ہے۔

آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات پر 4 اور 8 فیصد جبکہ بعض آزاد پیشہ ورانہ خدمات پر مجموعی قابل ادائیگی رقم کا 15 اور 30 فیصد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔

ریٹ کارڈ کے مطابق ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر آرڈر کی جانے والی اشیا یا خدمات کی ادائیگی پر ڈیجیٹل یا بینکنگ ذرائع سے ادائیگی کی صورت میں اے ٹی ایل کے لیے 1 فیصد اور نان اے ٹی ایل کے لیے 2 فیصد، جبکہ کیش آن ڈلیوری کی صورت میں بالترتیب 2 اور 4 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ہوگا۔

برآمدات پر 1.25 فیصد اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ میں رجسٹرڈ افراد کی کمپیوٹر سافٹ ویئر، آئی ٹی یا آئی ٹی سے متعلق خدمات کی برآمدی آمدن پر 0.25 فیصد شرح مقرر ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی آمدن پر اے ٹی ایل افراد کے لیے 5 فیصد اور نان اے ٹی ایل افراد کے لیے 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ہوگا۔

موٹر گاڑیوں کے لیے انجن کی گنجائش کے مطابق مختلف شرحیں ہیں۔ 850 سی سی تک گاڑیوں پر اے ٹی ایل کے لیے 0.50 فیصد اور نان اے ٹی ایل کے لیے 1.50 فیصد جبکہ 3000 سی سی سے زائد گاڑیوں پر بالترتیب 12 اور 36 فیصد شرح مقرر ہے۔ مختلف انجن گنجائش کی گاڑیوں کے لیے مقررہ رقم کی شرحیں بھی ریٹ کارڈ میں شامل ہیں۔

بجلی کے تجارتی اور صنعتی صارفین کے لیے 500 روپے تک کے بل پر ٹیکس صفر ہے۔ 500 سے 20 ہزار روپے تک کے بل پر 10 فیصد جبکہ 20 ہزار روپے سے زائد بل پر کمرشل صارفین کے لیے 1,950 روپے کے علاوہ زائد رقم پر 12 فیصد اور صنعتی صارفین کے لیے 1,950 روپے کے علاوہ زائد رقم پر 5 فیصد شرح ہے۔

نان اے ٹی ایل گھریلو صارفین کے 25 ہزار روپے سے کم ماہانہ بل پر ٹیکس صفر اور 25 ہزار روپے یا اس سے زائد بل پر 7.50 فیصد شرح مقرر ہے۔

ٹیلی فون اور انٹرنیٹ صارفین کے لیے بھی شرحیں طے کی گئی ہیں۔ ٹیلی فون کے ایک ہزار روپے سے زائد ماہانہ بل کی زائد رقم پر 10 فیصد جبکہ انٹرنیٹ، موبائل ٹیلی فون اور پری پیڈ کارڈ کی صورت میں بل یا فروخت کی قیمت پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ہوگا۔

غیر منقولہ جائیداد کی منتقلی پر اے ٹی ایل کے لیے 2.75 فیصد اور نان اے ٹی ایل کے لیے 11.50 فیصد شرح ہے۔ ریٹ کارڈ میں ڈسٹری بیوٹرز، ڈیلرز اور ہول سیلرز کو فروخت، ریٹیلرز کو فروخت، غیر منقولہ جائیداد کی خریداری، بیرون ملک رقم بھیجنے اور کمپنیوں کی جانب سے بونس شیئرز کے اجرا سمیت دیگر معاملات کے لیے بھی ودہولڈنگ ٹیکس کی شرحیں دی گئی ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ ریٹ کارڈ ٹیکس دہندگان، ودہولڈنگ ایجنٹس اور دیگر متعلقہ افراد کی سہولت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کسی تضاد یا غلطی کی صورت میں ترمیم شدہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اصل قانون تصور ہوگا اور یہ کارڈ عدالت یا قانونی فورم کے سامنے قانونی دستاویز کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔