عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل پانچویں روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 57 ہزار 336 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 685 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 92 ہزار 91 روپے پر پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ فی تولہ چاندی کی قیمت 77 روپے کے اضافے سے 6 ہزار 903 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 8 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 4 ہزار 349 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ 5 روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 29 ہزار 400 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، مختلف خطوں میں جاری کشیدگی، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں اور امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی جیسے عوامل سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والی معمولی تبدیلی بھی مقامی صرافہ بازار میں قیمتوں کو متاثر کرتی ہے۔
دوسری جانب قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث زیورات خریدنے والے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ صرافہ بازار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ بلند قیمتوں کے باعث سونے کی خرید و فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے اور زیادہ تر خریدار صرف ضرورت کے تحت ہی خریداری کر رہے ہیں۔






