سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بڑی خبر دیدی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کی صحت خراب ہے اور بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش ختم ہونی چاہیے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خراب صحت کا ذمہ دار پورا نظام ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں بہترین طبی سہولیات اور علاج فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اس بات کی گارنٹی دینے کو تیار ہے کہ ملاقات کے دوران کوئی سیاسی بات نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مطالبہ کیا کہ اگر سیاسی گفتگو نہ کرنے کی گارنٹی درکار ہے تو اسے قبول کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی سے ان کے اہلخانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے موجود خدشات کا خاتمہ ضروری ہے اور اس معاملے پر مزید تشویش کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جمعرات کو پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ اڈیالہ جیل جائیں گے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے ملک کے نوجوانوں کے مستقبل پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نوجوان ملک میں اپنا مستقبل نظر نہ آنے کے باعث مایوسی کا شکار ہے۔