لاہور: نادرا نے جعلی اور مشکوک شناختی دستاویزات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا، پنجاب میں مزید 741 مشکوک شناختی کارڈ ہولڈرز کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔
نادرا ریجنل ہیڈکوارٹر کے مطابق مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والے 741 افراد کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے، جنہیں متعلقہ نوٹسز بھی بھجوائے گئے ہیں۔
نادرا ترجمان کے مطابق مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والوں میں ضلع جہلم اور مختلف تحصیلوں کے افراد شامل ہیں۔ تمام افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر متعلقہ نادرا زونل آفس میں پیش ہوں اور اپنی شناخت سے متعلق تمام ضروری دستاویزات ساتھ لائیں۔
نادرا حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر پیش نہ ہونے والے افراد کے شناختی کارڈ بلاک کردیے جائیں گے، جبکہ مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والے افراد اور ان کے اہلخانہ کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
نادرا کے جاری کریک ڈاؤن کے دوران افغان مہاجرین کی جانب سے مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔
حکام کے مطابق مشکوک شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔






