پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان؟ وزیر پٹرولیم نے خوشخبری سنا دی

لاہور: وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگر آئندہ دو روز عالمی منڈی میں تیل کی قیمت برقرار رہی تو اچھی خبر سامنے آئے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے دوران پاکستان کو معاشی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ ہمسایہ ممالک میں بھی شناختی کارڈ دیکھ کر شہریوں کو محدود مقدار میں پٹرول فراہم کیا جاتا رہا۔

وزیر پٹرولیم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کے تعین کی ذمہ داری اوگرا کی ہے اور قیمتیں 7 روز کی اوسط کے حساب سے مقرر کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت عالمی منڈی کے ساتھ پاکستان میں بھی تیل مہنگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سازی کے لیے وزارت خزانہ نے بعض معاہدے کیے ہیں، جبکہ توانائی کے نئے طریقہ کار وضع کرنے پر بھی بات ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی میں نہ کمی کی اور نہ ہی اسے بڑھایا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ نچلی سطح تک طاقت اور اختیار کی منتقلی کے طریقہ کار پر بھی بحث ہونی چاہیے اور بہتری کے لیے اس معاملے پر گفتگو ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی آئینی تبدیلی درکار ہو تو اس کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، جبکہ پاکستان کے مفاد میں جو فیصلہ بہتر ہو، وہی کیا جانا چاہیے۔