ملازمین کیلئے خصوصی الاؤنس اور پنشن سے متعلق بڑی خبر

سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، خیبرپختونخوا کے محکمہ بلدیات نے خصوصی کنوینس الاؤنس اور پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت معذور سرکاری ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ یہ الاؤنس لوکل کونسل بورڈ کے افسران اور اہلکاروں پر بھی لاگو ہوگا۔

لوکل گورننس اسکول، میٹرو پولیٹن پشاور اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کے معذور ملازمین بھی اس اضافے سے مستفید ہوں گے۔ الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کی مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق دیا جائے گا اور نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

خصوصی کنوینس الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جبکہ یہ اضافہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے 14 جولائی 2026 کے مراسلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ بلدیات نے پنشن میں بھی 7 فیصد اضافہ کردیا ہے، جس کی لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا نے منظوری دے دی ہے۔

لوکل کونسل بورڈ کے تمام پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس سے لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور اور خیبرپختونخوا کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے پنشنرز مستفید ہوں گے۔