اگلے دو روز میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مستحکم رہیں تو پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں کا چیلنج آج بھی موجود ہے۔ وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی اور آئی ایم ایف پروگرام کی پابندیوں کے باوجود جو ممکن تھا، عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی 90 فیصد توانائی درآمد کرتا ہے، جبکہ خطے میں جنگ کے باعث مشکلات پیدا ہوئیں اور عارضی طور پر عوام کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت نے عالمی سطح پر آسمان کو چھوتی تیل کی قیمتوں کے اثرات کو روکنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
وفاقی وزیر نے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ دو روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مستحکم رہیں تو پاکستان میں بھی عوام کو اچھی خبر ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرستان اور بلوچستان میں گیس کے ذخائر بھی موجود ہیں۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ پاکستان کو مکہ دفاعی مشترکہ معاہدے پر فخر ہے۔ پاکستان خطے میں نیٹ سیکیورٹی پروائیڈر کے طور پر ابھرا ہے اور اب اگلی منزل معاشی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنا ہے۔






