اسلام آباد: ربیع الاول کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی بھی سامنے آگئی، جس کے تحت 12 ربیع الاول 26 اگست(بدھ)کو آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ربیع الاول کے چاند سے متعلق اپنی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں کیونکہ چاند کی عمر اور دیگر فلکیاتی عوامل رویت کے لیے موزوں نہیں ہوں گے۔
پی ایم ڈی کا کہنا تھا کہ اگر 13 اگست کو چاند نظر نہ آیا تو یکم ربیع الاول 15 اگست (ہفتہ) کو ہوگی، جبکہ 12 ربیع الاول 26 اگست (بدھ) کو آئے گی، جس روز عید میلادالنبی ﷺ منائے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13 اگست کو ملک کے بیشتر علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے، جبکہ کراچی میں چاند شام 7 بج کر 40 منٹ پر غروب ہوگا۔
تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ ربیع الاول کے چاند کی رویت اور یکم ربیع الاول کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔






