عمران خان کی صحت سے متعلق اہم خبر آگئی

اسلا آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی مضبوط ہیں، وہ قران پڑھتے ہیں اور ترجمہ پڑھتے ہیں۔

 

جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ دسمبر میں بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر کو بتایا تھا کہ ان کی آنکھ ٹھیک نہیں ہے اور نظر نہیں آ رہا۔

 

علیمہ خان نے مزید کہا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی کتابیں چھین لی ہیں۔

 

دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہیلتھ رپورٹ میں ان کی آنکھ کے حوالے سے ذکر تک نہیں تھا، اڈیالہ جیل کی رپورٹ مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن ہے۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے کہا کہ آج ہمارا مدعا بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی قیدِ تنہائی تھا، قید تنہائی کو ہم نے چیلنج کیا ہوا تھا، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عدالت میں کہا کہ انہیں قیدِ تنہائی میں نہیں رکھا ہوا۔

 

سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو لیگل ٹیم سے ملنے نہیں دیا جاتا، فیملی تو دور کی بات ہے، عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان گزشتہ 10 مہینوں میں تقریبا 40 مرتبہ اڈیالہ جیل گئیں، اڈیالہ جیل سے کوئی ایسا رجسٹر نہیں آیا جس میں فیملی، وکلا سے ملاقات یا بچوں سے کال کی کوئی تفصیل ہو۔