پیپلز پارٹی کا آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی سے متعلق بڑا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر اپنا مطالبہ مزید وسیع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اب صرف چار حلقوں میں دوبارہ پولنگ کے بجائے ان تمام پولنگ اسٹیشنز پر ری پول کرانے کا مطالبہ کر رہی ہے جہاں ووٹر ٹرن آؤٹ 80 فیصد سے زائد رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مطالبہ مذاکرات کے دوران حکومتی وفد کے سامنے رکھا گیا، جس پر وفد نے یقین دہانی کرائی کہ معاملہ پارٹی قیادت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی اس سے قبل میرپور ڈویژن کے چار حلقوں میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کر چکی ہے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ ان حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے شواہد حکومت کے حوالے کیے گئے ہیں۔ ان حلقوں میں چوہدری یاسین، جاوید بڈھانوی، پرویز اشرف اور چوہدری اخلاق کے انتخابی حلقے شامل ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی حکومتی وفد کو انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کر چکی ہے اور مظفرآباد ڈویژن سمیت مہاجرین کی نشستوں پر شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔