وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں روز بھی اضافہ کردیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 25 جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 66 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
گزشتہ پانچ روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 19 روپے 38 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 29 روپے 11 پیسے فی لیٹر اضافہ ہو چکا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے فیصلے کے بعد ایک ہفتے کے دوران پیٹرول 24 روپے 47 پیسے اور ڈیزل 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اوگرا روزانہ قیمتوں کا تعین کرکے اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔
بعد ازاں 17 جولائی کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلے تین روز کے لیے اضافہ کیا تھا۔ اس دوران پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے مقرر ہوئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے اضافہ کرکے اسے 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر کردیا گیا تھا۔
20 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگیا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے مقرر ہوئی۔
21 جولائی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد پیٹرول 320 روپے 73 پیسے اور ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔
22 جولائی کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جس کے تحت پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 327 روپے 12 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
23 جولائی کو حکومت نے ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کے بعد پیٹرول 331 روپے 52 پیسے اور ڈیزل 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
حکومت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور درآمدی لاگت میں اضافہ ہے، جس کے اثرات فوری طور پر مقامی قیمتوں میں شامل کیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






