لاہور (آئی این پی): ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
صدر ڈویژن پولیس کے ساتھ انسدادِ جرائم سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے تجارتی مراکز، مارکیٹوں اور مختلف کاروباری شعبوں میں غیر قانونی طور پر مقیم اور ملازمت سے وابستہ افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈی آئی جی نے ہدایت کی کہ ایسے افراد کو رہائش یا دیگر سہولتیں فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں ایس پی سکیورٹی، ایس پی صدر، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجز نے شرکت کی۔ فیصل کامران نے ایس ایچ اوز کو موٹر سائیکل سنیچنگ کی وارداتوں پر مؤثر قابو پانے، آئس، چرس اور دیگر منشیات کی ترسیل روکنے، اشتہاری اور عادی مجرمان سمیت عدالتی مفروروں کی گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے، مقدمات درست دفعات کے تحت درج کیے جائیں اور ایس ایچ اوز ہر کرائم سین پر خود پہنچ کر متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرائم میں نرمی، فرائض میں غفلت یا کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






