لاہور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اربن فلڈنگ، رودکوہی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انسانی اور مشینی وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فوری نوٹس لینے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت مون سون سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں واسا اور دیگر متعلقہ اداروں نے بارشوں سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں مریم نواز نے گجرات، اوکاڑہ، لاہور اور مری کے ڈپٹی کمشنرز، ایم ڈی واسا اور متعلقہ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واسا ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے، جبکہ دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں میں نہانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ڈرونز کے ذریعے نگرانی کی جائے۔
وزیراعلیٰ نے مساجد، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے متعلق بروقت آگاہ کرنے، خستہ حال عمارتوں کا سروے، مین ہولز اور گٹروں کو محفوظ بنانے اور تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے ملتان، ڈیرہ غازی خان اور مری سمیت حساس علاقوں میں پیشگی وارننگ، بروقت انخلا، لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق آگاہی اور ہر ضلع میں 24 گھنٹے فعال فلڈ کنٹرول روم قائم رکھنے کا حکم دیا۔ متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویلز، سانپ کے زہر کی ادویات اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچاؤ کے انتظامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث کئی شہروں میں بارش کا پانی چند گھنٹوں میں نکال لیا گیا، جبکہ پہلی بار پنجاب کے 41 اضلاع میں واسا کے قیام، جدید مشینری کی فراہمی اور ڈی سیلٹنگ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واسا کو مزید 207 جدید ڈی واٹرنگ سیٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






