//

بدھال، حسن آباد میں فیصل ممتاز راٹھور کا شاندار انتخابی جلسہ، ن لیگ اور پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور نے بدھال اور حسن آباد کا انتخابی دورہ کیا، جہاں ان کے جلسے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کارکنوں اور مقامی افراد نے ان کا استقبال کیا اور جلسے میں بھرپور شرکت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کی محبت اور اعتماد کی بدولت انہیں وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داری ملی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنی حکومت کے دوران حویلی میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات، سڑکوں، صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا پاکستان سے رشتہ تاریخی اور مضبوط ہے۔ انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران افواجِ پاکستان کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق پر فخر کرتے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار پر مبنی ہے، جس کی وجہ سے نوجوان، مزدور، کسان اور دیگر طبقات بڑی تعداد میں پارٹی کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 27 جولائی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔

جلسے سے خطاب کرنے والے دیگر مقررین نے بھی فیصل ممتاز راٹھور کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عوامی رہنما قرار دیا، جبکہ مختلف برادریوں کے نمائندوں اور کارکنوں نے آئندہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close