//

حافظ طاہر اشرفی کا مولانا فضل الرحمان کو مناظرے کا چیلنج

حافظ طاہر اشرفی کا مولانا فضل الرحمان کو مناظرے کا چیلنج

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو عوامی سطح پر مناظرے کا چیلنج دے دیا ہے۔

اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہر چند ماہ بعد جمعیت علماء اسلام (ف) کے بعض افراد ان کے خلاف الزامات کی نئی مہم شروع کر دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد جماعت کے کارکن بھی اسی طرزِ عمل کو اپناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی گالم گلوچ یا بدزبانی کا جواب صبر، اخلاق اور شائستگی سے دیں۔

حافظ طاہر اشرفی نے مولانا فضل الرحمان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یا تو وہ اپنی جماعت کے کارکنوں کو اخلاق اور تہذیب کا درس دیں، یا پھر اپنا ایک نمائندہ نامزد کریں تاکہ کسی بھی ٹی وی چینل پر براہِ راست بیٹھ کر عوام کے سامنے مختلف قومی اور مذہبی معاملات پر گفتگو کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ 1977 کی تحریکِ نظامِ مصطفیٰ سے لے کر آج تک اسلام، پاکستان اور قومی مفادات کے لیے کس کا کیا کردار رہا، کون کن حکومتوں کا حصہ رہا اور مختلف ادوار میں کس نے کیا مؤقف اختیار کیا۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس معاملے کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دینا چاہیے، کیونکہ عوام خود حقائق کا جائزہ لے کر سچ اور جھوٹ، خدمت اور مفاد کے درمیان فرق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close