//

انا للہ و انا الیہ راجعون ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد افسوسناک آتشزدگی حادثہ میں جاں بحق

پشاور میں گھر میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

پشاور کے علاقے تہکال پایان میں ایک گھر میں اچانک آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آگ گھر کے ہال میں بھڑکی، جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر آتش گیر سامان موجود تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران گھر کے ایک کمرے سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تمام افراد کی موت شدید دھویں اور آگ کی تپش کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی، جبکہ آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

لاہور میں ٹریفک حادثہ، موٹر سائیکل سوار جاں بحق، کار ڈرائیور زخمی

دوسری جانب لاہور کے علاقے ڈیفنس سی کی حدود میں برکی روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ کار ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ ڈیفنس فیز 8 کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار موڑ کاٹتے ہوئے موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں 35 سالہ موٹر سائیکل سوار شاہد موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے کار ڈرائیور کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دی، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close