اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان نیٹ فلکس اور دیگر عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو جگہ دلوانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کا اپنا خودمختار او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارم بنانے پر بھی کام جاری ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں معیار کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور دنیا بھر میں ان کی نمایاں مانگ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ “اڑان پاکستان” منصوبے کے تحت تخلیقی اور ثقافتی صنعت کو قومی برآمدی حکمتِ عملی کا اہم ستون بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم جیسے عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پاکستانی مواد کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہیں، تاہم علاقائی سیاست کے باعث پاکستانی کنٹینٹ کو طویل عرصے سے مناسب نمائندگی نہیں مل سکی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت عالمی اسٹریمنگ کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے تاکہ پاکستانی ڈراموں، فلموں اور تخلیق کاروں کو منصفانہ نمائندگی اور بین الاقوامی سطح پر پائیدار مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت عالمی سطح پر پاکستانی کہانیوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کا اپنا خودمختار او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے مقامی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






