آپریشن “شعبان” جاری، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مزید 5 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن “شعبان” کامیابی سے جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے تازہ کارروائیوں کے دوران مزید پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں پانچ جولائی سے جاری آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 114 ہو گئی ہے، جبکہ آپریشن “شعبان” کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کی تعداد 76 بتائی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس میں ایم فور رائفلیں، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان شامل ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فضائی اور زمینی کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور ان کے ٹھکانوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن “شعبان” جاری رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






