خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں میں نیا معیاری ٹائم ٹیبل نافذ کر دیا ہے، جس کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق جماعت اول سے بارہویں تک کے طلبہ کے لیے موسم گرما اور سرما میں یکساں تعلیمی شیڈول مقرر کیا گیا ہے تاکہ تدریسی نظام میں یکسانیت اور بہتری لائی جا سکے۔
محکمہ تعلیم نے اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اساتذہ کی ذمہ داریاں مقررہ ورک لوڈ کے مطابق تقسیم کریں اور تدریسی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔
اعلامیے میں آٹھویں پیریڈ کو ہم نصابی سرگرمیوں کے لیے مختص کرتے ہوئے طلبہ سوسائٹیز کے قیام کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ہر ہائر سیکنڈری اسکول میں ادبی، سائنسی، فنون لطیفہ، سیرت النبی ﷺ اور کمیونٹی سروس سوسائٹیز قائم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
محکمہ تعلیم نے اساتذہ کے لیے حاضری رجسٹر اور سرگرمی لاگ بُک برقرار رکھنا بھی لازمی قرار دیا ہے، جبکہ ضلعی تعلیمی افسران کو نئے ٹائم ٹیبل پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد تدریسی معیار کو بہتر بنانا، طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت بڑھانا اور سکولوں میں تعلیمی نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






