آئی ایم ایف کا پاکستان پر آئندہ بجٹ میں ٹیکس اصلاحات اور مالیاتی استحکام جاری رکھنے پر زور
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے، اخراجات کی کارکردگی بہتر کرنے اور وفاقی و صوبائی سطح پر پبلک فنانشل مینجمنٹ کے اصولوں کے تحت مالیاتی استحکام کی پالیسی کو جاری رکھا جائے۔
مس ایوا پیٹرووا کی قیادت میں آئی ایم ایف کے وفد نے 13 سے 20 مئی 2026 تک اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی حکام کے ساتھ مالی سال 2027 کے بجٹ اور معاشی اصلاحات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین کے درمیان بجٹ سے متعلق مذاکرات آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دورے کے دوران حالیہ معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات پر پیشرفت اور مالی سال 2027 کی بجٹ حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ آئی ایم ایف کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی معاشی رکاوٹوں اور ان کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مس ایوا پیٹرووا نے کہا کہ پاکستانی حکام نے مالی سال 2027 میں جی ڈی پی کے 2 فیصد کے مساوی بنیادی سرپلس حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جس سے مالیاتی استحکام مضبوط ہوگا اور معیشت کی مزاحمتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
آئی ایم ایف کے مطابق مجوزہ مالیاتی حکمت عملی میں ٹیکس نیٹ کی توسیع، ٹیکس انتظامیہ میں بہتری، اخراجات کے مؤثر استعمال اور وفاقی و صوبائی سطح پر مالی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






