لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے، مہنگائی کنٹرول ہوگی تو عوام کو سکون ملے گا۔انہوں نے یہ بات وفاقی وزرا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ذرائع کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اوروفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے جاتی امرا میں میاں نوازشریف سے ملاقات کی،ملاقات میں ملکی اور خطے کی صورتحال، امریکا، ایران جنگ اور پاکستان کی ثالثی کی کاوشوں پر گفتگوکی گئی۔ اسحاق ڈار نے نواز شریف کو آئندہ بجٹ کی تفصیلات سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول ہوگی تو عوام کو سکون ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں کہ عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے ۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ امریکا،ایران جنگ کے خاتمہ اور امن کے حصول کیلئے پاکستان کا کردار تاریخی ہے،امریکا، ایران تنازع کے حل کیلئے مسلسل مذاکرات اور سفارتکاری ناگزیر ہے،مذاکرات ہی چیلنجز سے نمٹنے اور دیر پاعلاقائی امن واستحکام کا واحد ذریعہ ہیں۔ وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف معیشت مزید مضبوط کرنے کیلئے دن ، رات ایک کررہے ہیں،پاکستان نے ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کیلئے تیاری مکمل کر لی،برآمدات میں اضافہ ہوا تو 2035 تک پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین معیشتوں میں ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






