نوازشریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا

سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے ملاقات کی ہے، جس میں خطے کی صورتحال، پاکستان کے سفارتی کردار اور ملکی معیشت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال بھی شریک تھے۔ اجلاس کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی، امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور امریکہ ایران تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کردار تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور مؤثر سفارت کاری ناگزیر ہیں، جبکہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے بات چیت ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

دوسری جانب احسن اقبال نے ملکی معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ برآمدات میں اضافے کی صورت میں 2035 تک پاکستان دنیا کی نمایاں معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close