انا للہ و انا الیہ راجعون ، پی ٹی آئی کے اہم رہنما انتقال کر گئے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور انصاف یوتھ ونگ ملتان کے سابق جنرل سیکرٹری حافظ عدنان خان انتقال کر گئے،

 

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حافظ عدنان خان کچھ عرصے سے علیل تھے، بتایا جاتا ہے کہ وہ 9 مئی مقدمات میں گرفتاری کے بعد جیل میں قید رہے اور سزا مکمل کرنے کے بعد رہائی پائی تھی، رہائی کے بعد ان کی طبیعت مسلسل ناساز رہی اور وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، گزشتہ روز طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ حافظ عدنان خان کا شمار ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے متحرک اور سرگرم رہنماؤں میں ہوتا تھا، وہ انصاف یوتھ ونگ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو سیاسی طور پر متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے، پارٹی کارکنان کے مطابق وہ ایک نرم مزاج، بااخلاق اور نظریاتی شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے مشکل سیاسی حالات میں بھی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ عدنان خان نے سیاسی جدوجہد کے دوران سخت مشکلات برداشت کیں۔

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جیل سے رہائی کے بعد ان کی صحت مسلسل خراب رہی اور وہ مکمل طور پر صحت یاب نہ ہو سکے۔

 

واضح رہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے جن کے تحت بڑی تعداد میں گرفتاریاں عمل میں آئیں، ان مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جانے والے بعض کارکنان کی رہائی کے بعد وفات کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close