اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے پاکستانی تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سیاست نہیں بلکہ ہمیشہ محاذ آرائی کی ہے، اگر عمران خان سیاستدان ہیں تو میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ سیاست کریں ۔رانا ثنااللہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت جہاں موجود ہیں اس کا کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا انداز ذمہ دار ہے، بانی پی ٹی آئی کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھوں میں ہے، سیاسی لیڈر اس راستے سے اپنے آپ کو آگے نہیں بڑھا سکتا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر عمران خان سیاستدان ہیں تو میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ سیاست کریں۔رانا ثنا اللہ نے افغانستان سے اپنی سر زمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کا بھی مطالبہ کردیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے سب کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، افغانستان میں دہشتگردی کے ٹریننگ سینٹر ہیں، وہاں سے لوگ پاکستان آکر دہشتگردی کرتے ہیں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے ہیں۔سکیورٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ جو ایشوز سیکیورٹی سے متعلق ہیں وہ عسکری اور سیاسی قیادت کی مشاورت سے ہو رہے ہیں، اس وقت تمام فیصلے سیاسی اور عسکری قیادت کی مشاورت سے ہورہے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کابینہ کے رکن ہیں اورکابینہ انفرادی نہیں اجتماعی ذمہ دارہوتی ہے، اگر آپ کو ان کے فیصلوں پر اعتراض ہے تو سامنے لائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






