اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں استحکام، ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ اسحاق ڈار نے سائوتھ ایشین فیڈریشن آف اکائونٹنٹس کانفرنس کے موقع پر سافا عہدیداران سے سائیڈ لائن ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر سافا ہمایوں کبیر،نائب صدر سمیت دیگر جنوبی ایشیائی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے، اسحاق ڈار نے علاقائی رابطوں کو بڑھانے اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پیشہ ورانہ اداروں کے درمیان تعاون سے خطے کی مکمل صلاحیت بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا، پاکستان خطے میں استحکام، ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ علاقائی اداروں کے درمیان اشتراک سے مشترکہ ترقی اور جدت کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں عوامی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور علاقائی امن، معاشی تعاون اور مضبوط روابط کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






